اسکولوں کی بندش کے حکومتی حکم کے باوجود کھلے رہنے پر کارروائی
لاہور میں اسموگ کے باعث حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف ایجوکیشن اتھارٹی نے کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق، حکام نے 13 اسکولوں کو بند کرتے ہوئے ان پر شوکاز نوٹس جاری کیے، جنہیں 11 نومبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ کارروائیاں شاہدرہ، ای ایم ای سوسائٹی، مناواں، داروغہ والا، اور فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کی گئیں۔
سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، اور حکم عدولی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی جائے گی۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ کی شدت کے پیش نظر اسکولوں کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈی جی ماحولیات پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام سرکاری اور نجی اسکولز 7 نومبر سے 17 نومبر تک بند رہیں گے، اور تعلیمی سرگرمیاں آن لائن کلاسز میں منتقل کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت، فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، لودھراں، خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں ہوگا۔
